ملتان 19 دسمبر (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ملتان ایونیو پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کی رفتار، معیار اور مجموعی پیش رفت کا عملی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے متعلقہ محکموں کو جاری کاموں میں تیزی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔
کمشنر عامر کریم خاں نے ماڈل ٹاؤن گیٹ سے میپکو آفس تک گرین کوریڈور کو دسمبر کے اختتام تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے اس حصے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو میڈینز میں شجرکاری فوری مکمل کرنے، جبکہ میپکو کو بجلی کے کھمبوں کی بروقت منتقلی یقینی بنانے کا حکم دیا۔
کمشنر ملتان نے ہائی وے حکام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق سڑک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیش آنی چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کو حفاظتی کور کے بغیر انجام دینے کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ گرد و غبار اور دیگر خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کے اطراف سے تجاوزات فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے پیرا فورس کو فیلڈ میں متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کم معیار مٹیریل کے استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور تعمیراتی کاموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
کمشنر ملتان نے واسا کو گرین کوریڈورز کے ساتھ پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی، جبکہ ملتان ایونیو پر خصوصی مینگو آرچرڈ زون قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیدّان والا چوک سے سہو چوک تک نو کلومیٹر طویل ملتان ایونیو محض چار ماہ کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس پر دو ارب اسی کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کے تحت جدید تین لین کشادہ سڑک تعمیر کی جا رہی ہے جو شہری ٹریفک کو مزید محفوظ اور سہل بنائے گی۔ منصوبے میں جدید انفراسٹرکچر، گرین کوریڈورز اور شہری سہولتوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ شہر کو ایک جدید اور ماحول دوست شناخت دی جا سکے۔
دورے کے موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی نے کمشنر ملتان کو منصوبے پر تفصیلی بریفننگ دی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے طے شدہ اہداف کے مطابق پیش رفت رپورٹس جمع کروائیں اور موجودہ رفتار برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کریں۔کمشنر ملتان نے کہا کہ ملتان ایونیو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جنوبی پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک اہم تحفہ ہے۔











