یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان یو ایس ای ایف پی کے نئے تعمیر شدہ ہیڈکوارٹر کا افتتاح

44

اسلام آباد، 8 دسمبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے پیر کو کہا کہ پاکستان بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور اسی عزم کے اظہار کے طور پر انہوں نے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر کے ہمراہ اسلام آباد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کے نئے تعمیر شدہ ہیڈکوارٹر کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ نئی عمارت کا افتتاح پاکستان اور امریکا کی نسلوں پر محیط تعلیمی شراکت کے اس جذبۂ تعاون کی علامت ہے جس نے دونوں ممالک کے روابط کو مضبوط کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلبرائٹ اور ایجوکیشن یو ایس اے جیسے پروگراموں نے ہزاروں پاکستانی طلبہ کو عالمی تربیت اور نیٹ ورکس تک رسائی دی ہے جس کے مثبت اثرات پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبوں میں واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم صرف ایک عمارت کا افتتاح نہیں کر رہے بلکہ علم مواقع اور اپنی نوجوان نسل کے روشن مستقبل سے وابستہ ایک مشترکہ عہد کی تجدید کر رہے ہیں۔وجیہہ قمر نے یو ایس ای ایف پی کی خدمات کو سراہا اور اس ضمن میں امریکی سفارت خانے، بورڈ آف ٹرسٹیز اور پاکستانی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا جنہوں نے تعلیمی تبادلے کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔