اقوام متحدہ، 15 جنوری ( اے پی پی):اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے یمن کی صورتحال پر سلامتی کونسل میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان یمن میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش رکھتا ہے، پاکستان یمن کی وحدت، خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان یمن کے کسی بھی فریق کی جانب سے ایسے یکطرفہ اقدامات کی سخت مخالفت کرتا ہے جو تقسیم، کشیدگی میں اضافہ کا باعث بنےاور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسے سیاسی عمل کے لیے اپنی حمایت دہراتا ہے جو یمنی ملکیت اور یمنی قیادت میں ہو، اور جو یمن کے اداروں اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سیاسی فریم ورک کے مکمل احترام پر مبنی ہو۔پاکستان مکالمے اور مفاہمت کے لیے سازگار ماحول کے فروغ کے مقصد سے کی جانے والی علاقائی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں اقوامِ متحدہ اور انسانی ہمدردی کے عملے، سفارتی عملے کی مسلسل من مانی حراست اور اقوامِ متحدہ کے دفاتر اور اثاثوں پر غیر قانونی قبضے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی ہمدردی کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی عکاسی کرتے ہیں، انسانی امدادی سرگرمیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ضرورت مند لاکھوں یمنی عوام تک جان بچانے والی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔











