لاہور، 9 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ اس اہم پیش رفت کے سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے امریکی بزنس لیڈرز پر مشتمل وفد نے ملاقات کی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون، پائیدار صنعتی ترقی اور سماجی انصاف کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد میں ڈیوڈ چیئٹم (Velocity Retail)، براؤننگ تھورنٹن (Yellowhammer Salon)، کرسٹینا کارٹر (RW Beckett)، ڈانا ہینز (Citivest) اور ویلیم ہاؤ (Newcastle Vantage) شامل تھے۔
ملاقات کے دوران صحت، تعلیم، ماحولیات، چائلڈ لیبر، زراعت، انڈسٹری، ای میکانائزیشن اور ای موبیلٹی جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری پر گفتگو کی گئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے امریکی وفد کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن پر جامع بریفنگ دی۔
امریکی وفد نے چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل کو تاریخی اور بروقت فیصلہ قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے اقدامات کو قابلِ تحسین کہا۔ وفد نے وزیراعلیٰ کے ای موبیلٹی وژن، اے کیو آئی سموگ مٹیگیشن پالیسی اور ماحولیاتی اصلاحات کی بھرپور تعریف کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ماحولیاتی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور چائلڈ و بانڈڈ لیبر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول موجود ہے اور وزیراعلیٰ کے وژن کے مطابق سماجی انصاف اور صنعتی ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
امریکی وفد نے اینٹوں کے بھٹوں کی میکانائزیشن کو قابلِ تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے بچوں اور مزدوروں کو استحصال سے نجات ملے گی۔ وفد نے پنجاب میں پائیدار اور ماحول دوست صنعت کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات، سموگ کنٹرول پالیسی، ڈیٹا ڈرِون مانیٹرنگ سسٹمز اور ای ٹرانسپورٹ منصوبوں کو سراہا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب کلائمیٹ واچ کے تحت سموگ مانیٹرنگ نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، 11 ہزار سے زائد بھٹوں کی ڈیٹا پر مبنی نگرانی جاری ہے، جبکہ 666 اہلکاروں پر مشتمل فیلڈ فورس ماحول کے تحفظ کیلئے متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای موبیلٹی، کلین انرجی، سموگ کنٹرول، شجرکاری، کاربن کریڈٹ پروگرام اور ماحولیاتی تعلیم جیسے اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز کے جامع وژن کا حصہ ہیں۔ آخر میں امریکی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفد کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔











