پاکستان اور کشمیر دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، انجینئر امیر مقام

13

اسلام آباد،9جنوری (اے پی پی ): وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر دونوں ایک دوسرے کے لئے لازم و ملزوم ہیں، مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی وجہ ماضی میں قائد نواز شریف اور ان کی خدمت کا سفر ہے، چوہدری عبدالرزاق اور ان کی ٹیم کی شمولیت کے بعد سماہنی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک ناقابل تسخیر قوت بن گئی ، جب بھارت نے بزدلانہ حملہ کیا تو کشمیر کا جذبہ اور ولولہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، بھارت یہ جذبہ اور ولولہ کہاں سے لائے گا۔

 مسلم لیگ (ن )آزاد جموں و کشمیر کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ میں شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین سے آئے ہوئے مہمانوں کو اپنی، قائد میاں محمد نوازشریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پوری جماعت کی طرف سے ویلکم اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور بروقت فیصلوں کی بدولت ہمیں کامیابی ملی ، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی سربراہی میں ہماری پوری افواج نے ایک تاریخ رقم کی، تینوں افواج کے باعث پاکستان کی عزت و وقار بلند ہوا اور دنیا میں پذیرائی ملی، کشمیر میں اس بات کی خوشی تھی کہ ہم  لڑیں اور غازی بن جائیں یا شہید، بھارت ظلم و ستم کے باوجودکشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکا اور وہ پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں، کشمیر کا مقدمہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سے پوچھ کر جب تک حل نہیں ہوتا تب تک یہ مقدمہ ہم لڑتے رہیں گے۔