اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات، پنجاب میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے انٹراویسکولر سرجری کی جدید تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ

9

لاہور، 3 جنوری (اے پی پی) پنجاب میں امراضِ قلب کے مریضوں کے لیے علاج کی جدید ترین سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں انٹراویسکولر سرجری کی جدید تکنیک متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس ضمن میں امریکی ماہر ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کر کے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کو جدید طریقہ علاج کی تربیت دی جائے گی۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اوکلاہوما ہارٹ ہسپتال کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر نعیم طاہر خیلی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں رخسانہ فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیمی خدمات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انٹراویسکولر سرجری روایتی اوپن سرجری کے مقابلے میں ایک جدید، محفوظ اور مؤثر متبادل ہے، جس میں خون کی نالی میں ایک چھوٹے سے سوراخ کے ذریعے انجیوپلاسٹی، اسٹینٹ ڈالنے اور ابلیشن جیسے پیچیدہ طریقہ علاج انجام دیے جاتے ہیں، جس سے مریض کی جلد صحت یابی ممکن ہوتی ہے۔ اجلاس میں چلڈرن ہسپتال، نشتر ہسپتال اور جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز کو انٹراویسکولر سرجری کی تربیت دینے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نواز شریف میڈیکل سٹی میں امراضِ قلب کے جدید طریقہ علاج متعارف کروانے کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے رخسانہ فاؤنڈیشن کی صحت اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے عالمی اداروں کے تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے انٹراویسکولر سرجری کے لیے جدید طبی آلات کی خریداری کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ سے امراضِ قلب کے مریضوں کو صوبے میں ہی بہترین علاج میسر آئے گا۔