اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان ایئر فورس نے مقامی طور پر تیار کردہ’’تیمور ویپن سسٹم‘‘ کا کامیاب تجربہ کیا ہے، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو 600 کلومیٹر کی رینج پر انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ روایتی وارہیڈ لے جانے کے قابل ہے۔جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس تیمور کو انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو اسے دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں سے مؤثر طور پر بچنے کے قابل بناتا ہے۔اس کی درستگی سے حملہ کرنے کی صلاحیت پاکستان ایئر فورس کی روایتی روک تھام اور آپریشنل لچک کو نمایاں طور پر بڑھاتی ہے جو ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بناتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی،جدت اور خود انحصاری کی عکاسی کرتا ہے۔ لانچ کے موقع پر پاکستان مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی،جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو (این آئی ایم، ایچ جے، چیف آف دی ایئر اسٹاف) نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پاک فضائیہ کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائی سے مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر متزلزل عزم کی تعریف کی۔ایئر چیف نے کہا کہ ایسی کامیابیاں قوم کے ٹیکنالوجیکل خود کفالت حاصل کرنے اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی ماحول میں معتبر روایتی روک تھام برقرار رکھنے کے عزم کی گواہی ہیں۔تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب ٹیسٹ پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل تیاری، ٹیکنالوجیکل برتری اور قومی سلامتی کے مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔











