اسلام آباد، 02 جنوری (اے پی پی ): پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
ایرانی سفیر نے جمعہ کے روز ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیا کے شعبے میں تعاون اور خبروں کے تبادلے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر رضا امیری نے پاکستانی عوام کے ایران کے ساتھ محبت بھرے جذبات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران مشکل وقت کے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے تاریخ میں ایک دوسرے کا ہر مشکل مرحلے پر ساتھ دیا ہے اور جنگ کے دوران پاکستان کی جرات مندانہ کاوشوں کو بھی یاد رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت اور ثقافتی تبادلوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم اس وقت 3.3 ارب ڈالر ہے جسے آئندہ برسوں میں 10 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
ایرانی سفیر نے میڈیا تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ارنا) اور اے پی پی کے درمیان براہِ راست خبروں کا تبادلہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے غلط معلومات کے تدارک اور عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد عاصم کھچی نے پاکستان کے لیے ایران کی حمایت کو سراہتے ہوئے بالخصوص مسئلہ فلسطین پر ایران کے مؤقف کی تعریف کی۔ انہوں نے تجارت، ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ مقدس مقامات اور زیارتوں کے ذریعے عوامی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
ملاقات میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی پی سبین عثمان خٹک، ڈائریکٹر مارکیٹنگ علی رضا علوی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈپلومیٹک اینڈ گلوبل افیئرز مدثر اقبال، ایرانی سفارتخانے کے کمیونیکیشن آفیسر ہادی گلریز اور حبیب بھی موجود تھے۔











