لودھراں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5.7 ارب روپے کا میگا ترقیاتی منصوبہ شروع

21

لودھراں (3 جنوری 2026)وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی انیشیٹو پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت لودھراں میں 5.7 ارب روپے مالیت کی میگا ترقیاتی سکیم مکمل کی جائے گی۔ منصوبے کے تحت شہر میں ٹف ٹائلز، سیوریج، واٹر سپلائی اور سینیٹیشن سے متعلق بنیادی مسائل کے حل کے لیے جامع اقدامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں پی ڈی پی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ماسٹر پلاننگ اور ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ لودھراں کی تاریخ میں حکومت پنجاب نے ایک بڑا اور مثالی میگا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ متعارف کرایا ہے، جس سے شہریوں کو جدید شہری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کو منصوبے سے جلد مستفید کرانے کے لیے کام کی رفتار تیز کی جائے اور میونسپل کمیٹی و واسا کے باہمی تعاون سے بہترین منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور نیسپاک کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا جبکہ ڈیزائن فائنل ہونے کے بعد شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے کام شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے لودھراں میں سینیٹیشن، ٹف ٹائلز، واٹر سپلائی اور واٹر اسٹوریج کے دیرینہ مسائل کے حل میں نمایاں بہتری آئے گی اور شہریوں کے معیارِ زندگی میں اضافہ ہوگا۔