لاہور، 14 جنوری (اے پی پی): امریکی بزنس لیڈرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گڈ گورننس، ماحول دوست پالیسیوں اور پائیدار ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کھڑے ہو کر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ اظہارِ تحسین سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران سامنے آیا۔
اجلاس میں امریکی بزنس لیڈرزکریسٹینا کارٹر(آر ڈبلیو بیکٹ)، براؤننگ تھورنٹن(ییلوہامرسیلون)، ڈاناہینز( سٹیوسٹ) ، ڈیوڈچیئٹم(ویلوسٹی ریٹیل)، ویلیم ہاؤ(نیوکیسل وانٹیج) سمیت میریسا جین مارن باراگار اور جیراڈ باراگار(بیوسانااپیرل)، جواورجانا کروفورڈ(فری مین جیٹ سینٹر/ابیلن ایرو)، مائک برکلی (فیملیز سیٹ فری)، باب بارکلی( بارو ہینلی)، ڈینئل ہز مین(نمبلی ٹیکنولوجیز)، ایلین ہیرسن( میڈیکل سٹی ہیلتھ کیئر)، اوئسٹین و سولوویگ سیلبیک، جیسن و بیتھنی سائورسین(ایس ایٹ امپیکٹ) اور دیگر شریک تھے۔
اجلاس میں صحت، تعلیم، ماحولیات، چائلڈ اور بانڈڈ لیبر کے خاتمے، زراعت، صنعت اور ای میکانائزیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن اور حکومتی اقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی، جسے وفد نے قابلِ عمل اور مثالی قرار دیا۔
امریکی بزنس لیڈرز نے لاہور جیسے ثقافتی شہر کے دورے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک اور ہائبرڈ پر منتقل کرنے، برک کلن میکانائزیشن، ای ٹرانسپورٹ، سپرسیڈرز کے حکومتی استعمال اور مؤثر پالیسی انفورسمنٹ کی بھرپور تعریف کی۔ وفد نے بونڈڈ چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے قیام، زیرو ٹالرنس پالیسی اور بحالی، تعلیم و اسکل ڈویلپمنٹ کے جامع فریم ورک کو بروقت اور تاریخی اقدام قرار دیا۔
اجلاس میں سموگ کنٹرول کے لیے سیکٹورل سطح پر اقدامات، اے کیو آئی میں نمایاں بہتری، مانیٹرنگ سسٹمز، ڈرون و تھرمل کیمروں کے استعمال، زرعی جلاؤ کے تدارک، ای بسوں کی شمولیت، ستھرا پنجاب پروگرام، شجرکاری، پلاسٹک کے متبادل منصوبوں اور صحت و سماجی تحفظ کے پروگرامز پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
آخر میں امریکی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب حکومت کے انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔











