ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملتان میں صفائی اقدامات مزید تیز ، جراثیم کش چھڑکاؤ اور روڈ واشنگ کا عمل جاری

18

ملتان،14 جنوری (اے پی پی ): ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات مزید تیز کر دیے ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر شہر کے مختلف علاقوں میں جراثیم کش چھڑکاؤ اور روڈ واشنگ کا عمل جاری ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور جاری صفائی آپریشن کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صفائی عملے کی حاضری چیک کی اور شہریوں سے ملاقات کر کے صفائی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

سی ای او عابد حسین بھٹی نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں، چوکوں اور اہم شاہراہوں میں خصوصی صفائی مہم جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائن بورڈز، ڈیوائیڈرز اور دیگر اہم عمارات کو سرف ملے پانی سے دھویا جا رہا ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔

عابد حسین بھٹی نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے صفائی آپریشن کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔