لاہور، 22 جنوری (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب کی سینئر ایڈوائزر سینیٹر انوشہ رحمان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے اپنے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ وفد میں سیاسی و اقتصادی امور کے سربراہ ولیم کیمبل، ماہر سیاسی و اقتصادی امور صدف سعد، سینئر کمرشل سپیشلسٹ حسن رضا اور ماہر معاشیات آمنہ انیس شامل تھے۔ ملاقات میں سی او سی بی ڈی عمران امین اور سیکرٹری آئی ٹی اینڈ آئی ڈیپارٹمنٹ ظہیر حسن بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران امریکی قونصل جنرل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مختلف ادوار میں شروع کیے گئے ڈیجیٹل منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی سی ٹی فار گرلز، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، ڈیجیٹل اسکلز پروگرام، تھری جی اور فور جی سپیکٹرم کی دستیابی اور پاکستان کے دور دراز علاقوں تک انٹرنیٹ کی فراہمی جیسے تاریخی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل وژن کے تحت نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نوجوانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز کے ذریعے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ اسی مقصد کے تحت پنجاب آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے قانون سازی بھی کر رہا ہے۔ سینئر ایڈوائزر نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے نوجوان آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں، جبکہ آئی ٹی اور جدید ٹیکنالوجیز کی تعلیم و تربیت کے فروغ کے لیے انکیوبیشن سینٹرز اور سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی لاہور کا حصہ بننے والی کمپنیوں کو دس سال کی انکم ٹیکس ریلیف اور کسٹم ڈیوٹی میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ سینیٹر انوشہ رحمان نے خواہش ظاہر کی کہ لاہور نواز شریف آئی ٹی سٹی اور کیلیفورنیا کی سیلیکون ویلی کو آئی ٹی کے شعبے میں سسٹر سٹی کا درجہ دیا جائے۔ امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرس نے حکومت پنجاب کے جدید ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے پنجاب کے ڈیجیٹل منصوبوں، بالخصوص نواز شریف آئی ٹی سٹی میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں عوام کے لیے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے منصوبے قابلِ تحسین ہیں اور لاہور نواز شریف آئی ٹی سٹی اور کیلیفورنیا کو آئی ٹی کے حوالے سے سسٹر سٹی بنانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔











