لاہور، 17 جنوری (اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین جامعہ اشرفیہ پہنچے جہاں انہوں نے مہتمم جامعہ اشرفیہ مولانا فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر ان کے لواحقین اور متعلقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک عظیم مذہبی اسکالر، بلند پایہ عالمِ دین اور متعدد دینی کتب کے مصنف تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دینی تعلیمات کی ترویج اور علومِ اسلامیہ کی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مرحوم کی لازوال دینی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور اسلام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔
چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحیم اشرفی ایک ملنسار، خوش اخلاق اور باوقار شخصیت کے حامل تھے اور ان کا انتقال دینی و علمی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحیم اشرفی مرحوم کے صاحبزادے مولانا زبیر حسن، بھتیجے مولانا اسد عبید، مفتی احمد علی اور دیگر اہلِ علم بھی موجود تھے۔











