ملتان 08 جنوری )اے پی پی): ضلع ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز 2 فروری سے ہوگا، جس دوران 10 لاکھ 23 ہزار بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں محکمہ صحت کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء نے پولیو مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ پولیو ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ یونین کونسل کی سطح پر جامع مائیکرو پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران مؤثر مانیٹرنگ، فیلڈ سپرویژن اور ٹیموں کی کارکردگی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو مہم میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی، اور اس قومی فریضے کی ادائیگی کیلئے تمام متعلقہ ادارے بھرپور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ مستقبل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔











