کمشنر ملتان ڈویژن کاگھنٹہ گھر روڈ کا دورہ، جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

14

ملتان 08 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے گھنٹہ گھر روڈ کا دورہ کیا اور سڑک کے درمیان تعمیر ہونے والے مرکزی ڈیوائڈر پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی پیش رفت، ڈیزائن اور معیار سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

کمشنر ملتان نے ڈیوائڈر پر ملتان کی قدیم تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے تعمیر کیے جانے والے مونومنٹس کے  کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہری خوبصورتی کے منصوبے عوامی سہولت اور شہر کے مثبت تشخص کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقررہ ٹائم لائن کے اندر کام مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سفری اور بصری سہولیات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر کمشنر ملتان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا شہروں کی تزئین و آرائش، خوبصورتی اور جدید شہری ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی فوکس ہے، اور ملتان میں جاری یہ منصوبہ اسی وژن کی عملی عکاسی ہے۔