قذافی اسٹیڈیم میں ایچ بی ایل پی ایس ایل آکشن ورکشاپ کا انعقاد، محسن نقوی کی خصوصی شرکت

9

لاہور، 25 جنوری (اے پی پی): قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی آکشن ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں پی ایس ایل آکشن کے مختلف پہلوؤں، فرنچائزز اور کھلاڑیوں سے متعلق امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ تمام فرنچائزز کو یکساں لیول پلینگ فیلڈ فراہم کی جائے گی تاکہ لیگ کو مزید شفاف اور مضبوط بنایا جا سکے۔ ورکشاپ میں فرنچائزز کے ساتھ پلیئرز کو فرنچائز میں برقرار رکھنے کی تعداد اور اس سے متعلق پالیسی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے شرکاء کو آکشن ورکشاپ کے خدوخال سے آگاہ کیا اور آکشن پراسیس کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے پلئیرز کے آکشن طریقہ کار، سکواڈ تشکیل دینے کے قواعد و ضوابط اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ورکشاپ کے دوران فرنچائزز کے عہدیداروں اور کھلاڑیوں نے آکشن پراسیس سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر فرنچائزز کے عہدیداران، چیف فنانشل آفیسر پی سی بی، ڈائریکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔