اسلام آباد، 12 جنوری ( اے پی پی): ریلوے پولیس کراچی ڈویژن نے لانڈھی کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ریلوے کی قیمتی پٹریاں اور دیگر سامان چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کا ریلوے میٹریل برآمد کیا گیا جبکہ چار ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
ریلوے پولیس کے مطابق یہ کارروائی تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی کی حدود میں مرتضیٰ چورنگی، ملیر ندی کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان گیس کٹر کی مدد سے ریلوے لائنوں کو کاٹ کر چوری میں مصروف تھے۔ بروقت کارروائی کے باعث ریلوے کی قیمتی پٹریوں کی چوری ناکام بنا دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق برآمد ہونے والا ریلوے سامان کروڑوں روپے مالیت کا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس لانڈھی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ چوری میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں،یہ کارروائی ایس ایچ او ریلوے پولیس لانڈھی محمد حبیب ظفر کی قیادت میں عمل میں لائی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔
وزیرِ ریلوے نے قیمتی ریلوے پٹریوں کی چوری ناکام بنانے پر ایس ایچ او لانڈھی اور ان کی ٹیم کو بھرپور داد دیتے ہوئے ریلوے پولیس کو چوری کے خلاف مزید سخت اور مؤثر کارروائیوں کی ہدایات جاری کی ہیں۔











