کمشنر ملتان کا چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ، زائد قیمتیں وصول کرنے والی کینٹین سیل

12

ملتان،12جنوری (اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا اور ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ایمرجنسی کے باہر زائد قیمتیں وصول کرنے والی کینٹین کو فوری طور پر سربمہر کر دیا گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کو ہسپتال کی تمام کینٹینز اور انتظامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی ہدایت جاری کی گئی۔کمشنر ملتان نے ایمرجنسی، نوزائیدہ، میڈیکل وارڈز اور پیتھالوجی لیبارٹری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وارڈز کی صفائی اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے راہداریوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔عامر کریم خاں نے مریض بچوں کے لواحقین سے گفتگو کی،جس پر والدین نے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی سہولیات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کمشنر ملتان نے واضح کیا کہ چلڈرن ہسپتال میں تمام ادویات ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں اور باہر سے ادویات منگوانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔دورے کے دوران کمشنر ملتان نے ایمرجنسی گیٹ کے باہر تجاوزات اور غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ رکشے اور ریڑھیاں فوری طور پر ہٹائی جائیں اور مسلسل سرپرائز انسپکشن کے ذریعے نگرانی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے اضافی تیمارداروں کے لیے مزید سایہ دار انتظار گاہوں کی ضرورت پر زور دیا اور ہسپتال کے باہر اور راہداریوں میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کمشنر ملتان نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ادویات اور آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی کے لیے فوری فنڈز کے حصول بارے حکومت پنجاب کو خط لکھنے کی ہدایت بھی کی۔