لودھراں میں زیرِ تعمیر عمارتوں پر سیفٹی رولز لازمی، خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی: ڈپٹی کمشنر محمد اشرف

18

لودھراں- (31جنوری2026 اے پی پی )  ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیرِ صدارت زیرِ تعمیر عمارتوں میں حفاظتی اقدامات، مین ہولز اور گڑھوں کی نشاندہی سے متعلق اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں زیرِ تعمیر سرکاری و نجی عمارتوں پر سیفٹی رولز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ زیرِ تعمیر عمارتوں پر رات کے وقت مناسب لائٹنگ، ریفلیکٹنگ ٹیپس اور حفاظتی انتظامات لازمی کیے جائیں گے۔ تمام سرکاری سٹاف کو اپنی اپنی حدود میں گڑھوں، زیرِ تعمیر سائیٹس اور سول ورک کی نشاندہی اور فوری رپورٹنگ کا ٹاسک دیا گیا۔محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور لوگوں کی حفاظت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں اور نجی تعمیرات کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا، خلاف ورزی کی صورت میں قانون حرکت میں آئے گا۔

اجلاس میں جی پی ایس ایپ کے ذریعے رپورٹنگ کیلئے گروپ بنانے کی بھی ہدایت کی گئی، تاکہ کھلے مین ہولز اور بغیر ڈھکن مقامات کی نشاندہی پر متعلقہ محکمے فوری کارروائی کریں۔ واسا عملے کو مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے ذریعے کنسٹرکشن رولز پر عمل درآمد ممکن بنایا جائے گا اور زیرِ تعمیر عمارتوں پر رات کے وقت بھی لائٹنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جنرل لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔