ملتان؛ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرصدارت رمضان پیکیج پر اہم اجلاس، سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ

15

لودھراں،21 جنوری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت حکومت پنجاب کے رمضان پیکیج کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی قیمتوں، سپلائی اور دستیابی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں حکومت پنجاب کی ہدایات پر من و عن عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران اشیائے ضروریہ کی سپلائی، ڈیمانڈ اور کھپت پر خصوصی فوکس رکھا جائے گا جبکہ پھلوں، سبزیوں اور اشیائے خوردونوش کے وافر سٹاک کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز پرائس فکسیشن کے عمل کی کڑی نگرانی کریں اور تاجروں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ رمضان المبارک میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ملز مالکان کو چینی، گھی اور آٹے کی بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کم آمدن والے افراد کے لیے سبسڈی شدہ اشیاء کی فراہمی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ مستحق افراد کے لیے مخیر حضرات سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اشیائے خوردونوش کی موجودہ اور مستقبل کی قیمتوں کا موازنہ کیا جائے اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دکانوں پر نرخ ناموں کا نمایاں ڈسپلے ہر صورت ہونا چاہیے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز سید وسیم حسن، لیاقت علی گیلانی، اسسٹنٹ کمشنرز ارم شہزادی، اصغر لغاری، فیصل ولید، ڈی او انڈسٹری عبدالرؤف، ڈی ایف سی ندیم عباس سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔