وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کا پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دورہ

11

لاہور، 21 جنوری (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کا دورہ کیا جہاں چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے انہیں ادارے کی کارکردگی، محصولات کی وصولی اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔ وزیر خزانہ نے ٹیکس نظام میں شفافیت، ٹیکس چوری کے خاتمے اور مؤثر انفورسمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ پی آر اے کی کارکردگی پنجاب حکومت کے مالی نظم و ضبط کی کامیابی کی علامت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں محصولات میں 33 فیصد اضافی گروتھ خوش آئند ہے جبکہ جولائی سے دسمبر 2025 تک 149.5 ارب روپے کی وصولیاں مقررہ اہداف کی جانب بہترین پیش رفت کی عکاس ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر پی آر اے اسی رفتار سے کام کرتی رہی تو سالانہ اہداف سے بڑھ کر نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ کے پھیلاؤ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور مؤثر انفورسمنٹ ٹیکس نیٹ میں وسعت کو یقینی بنائے گی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ ڈیٹا بیسڈ مانیٹرنگ اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پی آر اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ سروسز سیکٹر میں ٹیکس بیس کے پھیلاؤ سے محصولات میں خاطر خواہ اضافے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو میں اضافہ حکومتِ پنجاب کے ترقیاتی ایجنڈے کی بنیاد ہے، جس سے تعلیم، صحت، سماجی تحفظ اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی آر اے میں لارج ٹیکس پیئر آفس اور آڈٹ و ویجیلنس ونگز کے قیام سے ادارے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پنجاب وفاقی اداروں کے تعاون سے بقایاجات کی وصولی اور مستقبل میں ٹیکس کمپلائنس کو یقینی بنائے گی۔