ملتان 15 جنوری )اے پی پی):نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں تعلیمی معیار کی جانچ اور بہتری کے لیے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس کا عنوان
”اے آئی ان ایجوکیشنل کوالٹی ایشورنس یوزنگ اے آئی-ڈرائیون فیڈ بیک اینیلسز“تھا۔ ورکشاپ سندیکیٹ ہال نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد ہوئی جس میں فیکلٹی ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر مہناز خاکوانی تھیں جبکہ گیسٹ آف آنر پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر راشد قمر راؤ تھے۔
تربیتی ورکشاپ میں فیسلیٹیٹرز کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر شمیلہ حمید، ڈاکٹر حامد حسن، ڈاکٹر علی ربانی، ڈاکٹر فائزہ اکرام اور ڈاکٹر مریم خان نے انجام دیے۔ ورکشاپ میں گیسٹ سپیکر پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش نے تعلیمی فیڈبیک کے تجزیے، ڈیٹا کی تشریح اور عملی سفارشات کی تیاری پر تفصیلی گفتگو کی۔
مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں اس اہم موضوع پر ورکشاپ کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور منتظمین اور ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔











