وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق اہم اجلاس

10

لاہور، 15 جنوری (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن صوبائی اسمبلی ثاقب خورشید، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، پراجیکٹ ڈائریکٹر اسد محمود اور سیکرٹری بورڈ طارق فروکہ نے شرکت کی۔ پنجاب بھر کے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پی ڈی پی کے تحت بیک وقت 11 شہروں میں ترقیاتی سکیموں پر کام شروع ہو چکا ہے، جبکہ مزید 17 شہروں میں 15 جنوری اور 10 شہروں میں 22 جنوری کو منصوبوں کا افتتاح کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ 52 میں سے 51 شہروں میں رواں ماہ منصوبوں کے آغاز پر اطمینان ہے، جبکہ اگلے مرحلے میں 26 جنوری کو باقی 13 شہروں میں بھی کام شروع ہو جائے گا۔

وزیر بلدیات نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 50 پارکس اور 50 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس پر ایک ساتھ کام کا آغاز ہوگا، جبکہ زیر زمین واٹر ٹینکس کی مجموعی لمبائی 78 کلومیٹر بنتی ہے۔ انہوں نے تمام واٹر ٹینکس کے مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے ایم او آئیز کو موسمِ برسات سے قبل تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ “مریم نواز کا سوہنا پنجاب” منصوبہ شہروں کو جدید، خوبصورت اور پائیدار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور پی ڈی پی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائے گا۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کے کام کی سخت نگرانی، ڈبل شفٹ میں کام اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق اہداف کے بروقت حصول پر زور دیا۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے شفاف انداز میں کنٹریکٹس دیے جائیں، تجاوزات کا بروقت خاتمہ کیا جائے اور برساتی پانی جمع ہونے والے تمام مقامات کا احاطہ کیا جائے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے کہا کہ پی ڈی پی کا بڑا مقصد اربن فلڈنگ کے خدشات کم کرنا ہے، جبکہ ہر شہر میں شجرکاری اور برساتی پانی کے زمین میں جذب ہونے کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر بلدیات نے اعلان کیا کہ پی ڈی پی کا دائرہ کار مرحلہ وار 200 شہروں تک بڑھایا جائے گا اور پہلی بار 2050 تک کی ممکنہ آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے میونسپل منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جو صوبے کی پائیدار شہری ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔