ملتان, 03 جنوری (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ضلع ہیلتھ کونسل کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سنٹرل جیل، ڈسٹرکٹ جیل اور ویمن جیل کے سپرنٹنڈنٹس، پولیس اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں جیل ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید طبی آلات اور ادویات کی دستیابی سمیت مجموعی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی مکمل دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ قیدیوں کو بہتر علاج میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیل ہسپتالوں کی بہتری اور سہولیات میں اضافے کے لیے حکومتِ پنجاب سے درکار فنڈز کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے جیلوں میں صحتِ عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو واضح احکامات بھی جاری کیے۔











