ملتان ,3 جنوری (اے پی پی ):اسحاق اینڈ یورالوجی اینڈ سٹون سینٹر کے تعاون سے شعبۂ یورالوجی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال ملتان میں لیپروسکوپک یورالوجی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں شفاء انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد سے معروف کنسلٹنٹ یورالوجسٹ ڈاکٹر محمد اطہر خواجہ نے بطور ماسٹر ٹرینر شرکت کی اور جدید لیپروسکوپک سرجری کی عملی تربیت فراہم کی۔ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے مہمانانِ گرامی کو خوش آمدید کہا اور اس ورکشاپ کو نشتر ہسپتال کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لیپروسکوپک سرجری کے آغاز سے نشتر ہسپتال میں مریضوں کو عالمی معیار کی جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ورکشاپ کا بنیادی مقصد نشتر ہسپتال ملتان میں گردے کی لیپروسکوپک سرجری کا باقاعدہ آغاز کرنا اور یورالوجی کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹروں کو جدید جراحی تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا۔ اس موقع پر مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں سے تعلق رکھنے والے یورالوجسٹس نے شرکت کی اور عملی تربیت حاصل کی۔منتظمین کے مطابق لیپروسکوپک سرجری سے مریضوں کو کم درد، کم پیچیدگیوں، کم قیامِ ہسپتال اور جلد صحت یابی جیسی سہولیات حاصل ہوں گی۔ شرکاء نے ورکشاپ کو معلوماتی اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔











