ملتان:(31جنوری2026) ضلع ملتان میں 3 روزہ قومی پولیو مہم کا آغاز 2 فروری سے ہوگا، جس کے دوران 10 لاکھ 23 ہزار بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے شہباز شریف ہسپتال میں کیا، جہاں انہوں نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور تحائف بھی تقسیم کیے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء، ایم ایس شہباز شریف ہسپتال ڈاکٹر تنزیل الرحمن اور پولیو کوآرڈینیٹر روٹری انٹرنیشنل محمد حنیف بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے 4 ہزار سے زائد فیلڈ موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے اور یونین کونسل کی سطح پر جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران مؤثر مانیٹرنگ اور فیلڈ سپرویژن کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک ریاست چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔











