اسلام آباد، 21 جنوری (اے پی پی): منیجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) محمد عاصم کھچی سے ڈائریکٹر جنرل بلغاریہ نیوز ایجنسی (بی ٹی اے) کریل والچیو نے ملاقات کی اور دونوں نیوز ایجنسیوں کے درمیان میڈیا تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
بلغاریہ کی سفیر ارینا گانچیوا کے ہمراہ اے پی پی ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل بلغاریہ نیوز ایجنسی کو اے پی پی کے پیشہ ورانہ کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ایم ڈی اے پی پی نے ملٹی لینگول سروسز کے ذریعے ایجنسی کے نیوز آپریشنز کا مفصل جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اے پی پی کا وسیع ادارتی نیٹ ورک اسلام آباد میں ہیڈکوارٹرز کے علاوہ علاقائی بیوروز، سٹیشنز، بیرون ملک نمائندوں اور ملک بھر میں جز وقتی رپورٹرز کے بڑے نیٹ ورک پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے پی پی نے 50 سے زائد ممالک کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے ساتھ خبروں کے تبادلے کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ڈی جی بلغاریہ نیوز ایجنسی نے ایجنسی کے نیوز آپریشن بشمول ڈیجیٹل سروسز کے بارے میں بتایا۔انہوں نے اے پی پی کے ساتھ قریبی میڈیا تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں خبر رساں اداروں کے درمیان قریبی تعاون کے لیے صحافیوں کے تبادلے کے پروگرام کی تجویز بھی دی۔
ایم ڈی اے پی پی نے ڈی جی بی ٹی اے کو ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے پہلے دورے پر یادگاری شیلڈ پیش کی۔
وفد نے اے پی پی کے مختلف نیوز سیکشنز کا دورہ کیا جن میں سنٹرل نیوز ڈیسک، ڈیٹا سینٹر اور اسٹوڈیوز شامل ہیں۔











