اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا ہے کہ حکومت تمام وزارتوں کی کارکردگی کے ذریعے گورننس کے ماڈل کو بہتر سے بہتر کرنا چاہتی ہے۔ وزارت پارلیمانی امور کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھیجوائی جائے گی ، وزارتوں کی کارکردگی کی رپورٹ کا مقصد خود احتسابی کے نظام کو مضبوط بنانا اور وزراء کو اپنی ذمہ داریوں کا پابند بنانا ہے، وزارت پارلیمانی امور کا کردار صرف شکایات اور مسائل کے حل تک محدود نہیں بلکہ یہ سیاسی اور عوامی نمائندگی کے موثر ذرائع بھی فراہم کرتی ہے، حکومت ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہے کیونکہ کسی بھی مسئلہ کا پائیدار حل بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوری تا دسمبر 2025ء کی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پیش کی جائے گی اور میڈیا کے ذریعے عوام کو بھی یہ پیش کی جائے گی ، ہمارا مقصد یہ ہے کہ وزارتوں کی کارکردگی کے ذریعے حکومت گورننس کے ماڈل کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری، پاور سیکٹر، میری ٹائم افیئرز، مائنز اینڈ منرلز، خارجہ امور سمیت موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کارکردگی بہتر نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو کچھ کر رہی ہے اس حوالے سے قوم کو آگاہ کرنا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام وزراء کو وزیراعظم نے پابند کیا ہے کہ ایک سال میں ان کی وزارتوں نے جو اہداف مقرر کئے ہیں اس حوالے سے قوم کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور کا کردار صرف شکایات اور مسائل کے حل تک محدود نہیں بلکہ یہ سیاسی اور عوامی نمائندگی کے موثر ذرائع بھی فراہم کرتی ہے جس سے ملک میں جمہوری عمل، سیاسی استحکام اور شفافیت کو فروغ ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف وزارتوں میں نمایاں بہتری اور ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے اور ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر 2025ء تک کی وزارتوں کی مکمل کارکردگی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی جس کی تفصیلات میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے بھی رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کا مقصد وزارتوں میں خود احتسابی کے نظام کو مضبوط بنانا اور وزراء کو اپنی ذمہ داریوں کا پابند بنانا ہے جبکہ ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کے واضح اشارے سامنے آ رہے ہیں۔ ملک میں سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف پہلے بھی مذاکرات کی حمایت کر چکے ہیں اور حکومت آج بھی ہر قسم کے مذاکرات کیلئے تیار ہے، کسی بھی مسئلہ کا پائیدار حل بات چیت اور ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مضبوط اور موثر رابطہ قائم کر رکھا ہے جبکہ اتحادی جماعتوں کی تجاویز اور تحفظات براہ راست وزیراعظم تک پہنچائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متعدد مواقع پر سیاسی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کو ناگزیر قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مذاکرات کو سیاست کا لازمی حصہ اور قومی مسائل کے حل کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، اسی مقصد کے تحت کمیٹیوں کو خصوصی مینڈیٹ دیا جاتا ہے تاکہ وہ عوام اور مختلف سیاسی جماعتوں کی موثر نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے مذاکرات کیلئے کھلی اور مثبت پالیسی اپنا رکھی ہے تاکہ اختلافات اور مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔











