ملتان۔ 08 جنوری (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے شجاع آباد کا تفصیلی دورہ کیا اور عوامی سہولیات، اراضی ریکارڈ، شہری خوبصورتی اور صحت سے متعلق مختلف منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور ترقیاتی کاموں کی رفتارومعیارکو یقینی بنانا ہے۔کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر شجاع آباد کا دورہ کرتے ہوئے سائلین سے ملاقات کر کے سروس کی رفتار اور درپیش مسائل کے بارے میں استفسار کیا۔
انہوں نے قانون گوئی کی واضح نشاندہی کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اراضی ریکارڈ مراکز میں نمایاں مقامات پر تحریری آگاہی آویزاں کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اینٹیں، ملبہ اور فٹ پاتھ ٹائلیں فوری ہٹانے، لان کو اصل حالت میں بحال کرنے اور پارکنگ کے لیے مختص علیحدہ جگہ کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے رابطہ کر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کی تعیناتی پر بھی بات چیت کی اور واضح کیا کہ لینڈ ریکارڈ مراکز میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں۔
بعد ازاں کمشنر ملتان نے چھوٹی کنال اور پل کا دورہ کیا اور فٹ پاتھ ٹائلوں، حفاظتی دیوار اور خوبصورتی کے کام مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ ہائی ویز کو کنال روڈ کی اسٹریٹ لائٹس مکمل طور پر فنکشنل کر کے میونسپل کمیٹی کے سپرد کرنے اور انہیں فعال رکھنے کے احکامات دئیے۔ کنال کے اطراف درختوں کے تنوں کی رنگ آمیزی بہتر بنانے، شوخ رنگوں کے استعمال اور آرائشی برقی قمقموں کی تنصیب کی بھی ہدایت کی گئی۔
کمشنر نے بنگلہ پارک شجاع آباد کا بھی دورہ کیا اور تحصیل کے واحد عوامی پارک کی حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوارہ فوری طور پر فعال کرنے، درختوں کے نیچے روشنیوں کی تنصیب، ٹوٹی اشیاء کی مرمت اور کوڑا دان رکھنے کے احکامات دئیے۔ انہوں نے پارک میں پھولوں کی کیا ریاں، مستقل سبزہ کاری، جم کی مشینوں کو دو ہفتوں میں فعال کرنے اور شہریوں کے لیے کینٹین کے قیام کی بھی ہدایت کی۔
آخر میں کمشنر ملتان نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شجاع آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں سے ادویات اور علاج کی سہولت بارے دریافت کیا۔ مریضوں نے علاج معالجے اور ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر نے ریڈیولوجی شعبے پر دباؤ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے اضافی ریڈیالوجسٹ اورنئی ایمرجنسی کے لیے عملے کی منظوری کے حوالے سے رابطہ کیا۔











