اسلام آباد، 7 جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، جاری اصلاحاتی اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے میں صحت سہولیات کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام میں خیبر پختونخوا کو ترجیح دینے کا مطالبہ بھی کیا۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور ملک بھر میں بیماریوں کے خاتمے کے لیے وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔وزیرِ صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے اور بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر کو ڈیجیٹل ہیلتھ کے ذریعے مضبوط کیا جا رہا ہے اور ٹیلی میڈیسن کے نظام کا آغاز کر دیا گیا ہے جو نظامِ صحت پر مریضوں کا بوجھ کم کرنے میں ناگزیر کردار ادا کرے گا۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ حکومت کا فوکس صرف علاج تک محدود نہیں بلکہ عوام کو بیمار ہونے سے بچانے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ہسپتالوں میں مریضوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔











