کرسچیئن اکنامک فورم کے 20 رکنی وفد کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی وفد کو سُتھرا پنجاب پروگرام کے فیز ون اور فیز ٹو سے متعلق بریفنگ

8

لاہور، 16 جنوری (اے پی پی): غیرملکی سرمایہ کاروں کے گروپ کرسچیئن اکنامک فورم (سی ای ایف) کے 20 رکنی وفد نے مینجنگ ڈائریکٹر گرانٹ ویبسٹر کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں سُتھرا پنجاب پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وفد کو سُتھرا پنجاب پروگرام کے فیز ون اور فیز ٹو سے آگاہ کیا۔اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل اور ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔ گرانٹ ویبسٹر نے بتایا کہ سی ای ایف امریکہ، ملائشیا، کینیڈا، جنوبی کوریا، چین اور برطانیہ سمیت آٹھ ممالک کے بڑے سرمایہ کاروں پر مشتمل گروپ ہے جو اس وقت دنیا کے 48 ممالک میں مختلف کمرشل منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے سُتھرا پنجاب پروگرام میں سرمایہ کاری کا نمایاں پوٹینشل موجود ہے اور اسی مقصد کے تحت وفد نے لاہور کا دورہ کیا۔

سی ای ایف کے ارکان نے پنجاب میں ویسٹ ری سائیکلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سُتھرا پنجاب پروگرام کی افادیت اور شفاف نظام سے بے حد متاثر ہیں۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ سُتھرا پنجاب ایک انتظامی چھتری تلے دنیا کا سب سے بڑا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرنگرانی صفر سے آغاز کر کے چند ہی ماہ میں صفائی کا ایک بے مثال نظام قائم کیا گیا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا مؤثر نظام، روزانہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن اور شہریوں کی بڑھتی آگاہی سُتھرا پنجاب کی کامیابی کے اہم عوامل ہیں۔

ذیشان رفیق نے بتایا کہ ایک سال کے دوران پنجاب بھر سے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے، جبکہ ڈیڑھ لاکھ ورک فورس شہروں اور دیہات میں صفائی کے فرائض انجام دے رہی ہے۔ صوبے میں اس وقت 145 لینڈ فل سائٹس اور 457 عارضی کولیکشن پوائنٹس فعال ہیں۔ شہری شکایات کے ازالے کے لیے ایپ اور ہیلپ لائن پر موصولہ شکایات کا 98 فیصد تک حل یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لکھوڈیر لینڈ فل سائٹ پر بائیوگیس فیول پلانٹ کامیابی سے کام کر رہا ہے جبکہ ویسٹ سے 50 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اس موقع پر محسن شاہنواز رانجھا نے غیرملکی وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نہ صرف منصوبے شروع کرتی ہیں بلکہ انہیں کامیابی سے ہمکنار بھی کرتی ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے بتایا کہ لینڈ فل سائٹس کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کرنے اور ویسٹ سے بائیوگیس و نامیاتی فیڈ اسٹاک کی تیاری پر کام جاری ہے۔

ملاقات کے اختتام پر وفد کے ارکان کو سُتھرا پنجاب سے متعلق معلوماتی کتب اور سووینئر پیش کیے گئے۔