کمشنر عامر کریم خاں کا ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ  

12

ملتان،13 جنوری(اے پی پی ):  کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کمشنر نے ایمرجنسی، ریڈیالوجی، اینجیوگرافی، بلڈ بینک اور  کا جائزہ لیا جبکہ زیر تعمیر نئی ایمرجنسی کی توسیع کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔

کمشنر عامر کریم خاں کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ایمرجنسی میں 63 بستر موجود ہیں جو مریضوں کے زیادہ رش کے باعث مکمل طور پر زیرِ استعمال ہیں۔ اس موقع پر کمشنر نے 60 بستروں پر مشتمل نئی ایمرجنسی کو جلد فعال کرنے کے لیے کارڈک مانیٹرز کی فراہمی کی غرض سے حکومتِ پنجاب کو فوری خط لکھنے کی ہدایت کی۔

کمشنر ملتان نے کہا کہ نئی ایمرجنسی کے فعال ہونے کے بعد مجموعی ایمرجنسی بستروں کی تعداد 123 ہو جائے گی، جس سے مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بغیر کارڈک مانیٹر والے مریضوں کو نئی ایمرجنسی میں منتقل کیا جائے تاکہ موجودہ ایمرجنسی میں شدید مریضوں کے لیے سہولت پیدا کی جا سکے۔

دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کی اور ادویات و طبی آلات کی دستیابی بارے دریافت کیا۔ مریضوں اور لواحقین نے ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

بعد ازاں کمشنر ملتان نے ہسپتال میں قائم تیمارداروں کی سرائے کا بھی دورہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ 200 بستروں پر مشتمل اس سرائے میں مرد و خواتین کے لیے علیحدہ رہائش اور طعام کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے مریضوں اور تیمارداروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کو سراہا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔