ملتان، 10 جنوری (اے پی پی ):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے اور عملے کے رویے بارے استفسار کیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیرامیڈیکل اسٹاف اور آیا کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وارڈز میں مریضوں کی منتقلی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایمرجنسی میں بروقت علاج یقینی ہو سکے۔انہوں نے ایمرجنسی وارڈز میں ڈاکٹروں کی ڈیوٹیز ازسرِنو منظم کرنے، بہتر مینجمنٹ کو یقینی بنانے اور مریضوں کی سہولت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ کمشنر ملتان نے ایمرجنسی کے واش رومز کی صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ایمرجنسی کے فرسٹ فلور ویٹنگ ایریا میں بینچز کی کمی کا بھی نوٹس لیا اور مریضوں کے لواحقین کی سہولت کیلئے فوری طور پر اضافی بینچز فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نشتر ہسپتال میں عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔











