ملتان، 28جنوری(اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (ڈی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملتان ڈویژن کے مختلف اضلاع میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں مخدوم رشید روڈ کی ریلوے پھاٹک تغلق ٹاؤن سے وہاڑی چوک تک بحالی و مرمت کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔ ڈی ڈی ڈبلیو پی نے مخدوم رشید روڈ کی بحالی کا منصوبہ 23 کروڑ 73 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کر لیا۔ منصوبے کے تحت سڑک کے کراس سیکشن میں بہتری، سڑک کو مضبوط بنانے اور موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔
اجلاس کے دوران وہاڑی شہر کے گول چوک اور ریل بازار کی بحالی و خوبصورتی کے منصوبے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈی ڈی ڈبلیو پی نے گول چوک اور ریل بازار کی ری ہیبلیٹیشن و امپروومنٹ کی منظوری دے دی، جس کی تخمینہ لاگت 15 کروڑ روپے ہے۔ منصوبے کے تحت لینڈ اسکیپنگ، فٹ پاتھس کی بہتری اور شہری خوبصورتی کے مختلف اقدامات شامل ہوں گے۔
اسی طرح ضلع خانیوال میں الیکٹرک بسوں کے لیے اربن اور رورل ایریاز میں بس شیلٹرز کے قیام کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی ڈی ڈبلیو پی نے اس منصوبے کو 26 کروڑ 38 لاکھ 70 ہزار روپے کی لاگت سے منظور کر لیا۔
کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں ڈیزائن، معیار اور لاگت کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری سے عوام کو براہ راست ریلیف ملے گا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کے مطابق تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے۔











