آئین پاکستان اقلیتوں کے ساتھ  برابری کا درس دیتا ہے، طا ہر محمود اشرفی

8

لاہور۔16فروری  (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے ساتھ برابری کا درس دیتا ہے،قومی پیغام امن کمیٹی کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ ملکر چلنے کی سوچ پیدا کرنا ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پیر  کو یہاں کیتھیدرل چر چ میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس  سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔

 طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  پیغام پاکستان کا معنی ہے کہ  اپنے مسلک کو چھوڑو نہیں اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں،ہم  نے بڑے بڑے مسئلے چرچ  و مساجد میں حل کئے ہیں،وحدت اتحاد بین المذاہب کی بات کرنا آسان نہیں،اسلام آباد راولپنڈی میں خود کش حملہ پر علما ئے کرام  ہسپتالوں اور امام بارگاہ کے باہر لائنیں لگاکر کھڑے تھے۔

طاہر محمود اشرفی  نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ ملکر چلنے کی سوچ پیدا کرنا ہے، مسجد نبوی سب سے زیادہ مقدس ہے،خانہ کعبہ سب سے اعلیٰ ترین مقام ہے،اگر اسلام  مسیحیوں کو ادھر بیٹھنے کی  اجازت دیتا ہے تو ہمیں بھی اپنے دروازے کھولنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کی جنگ مسلط ہےِ،جن کا ہمیں ملکر مقا بلہ کر نا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جو حقوق اسلام نے غیر مسلموں کو دیئے ہیں ان کی  کہیں مثال نہیں ملتی،کوئی تلوار یا ہتھیار غیر مسلم کی طرف اٹھائے گا تو روز محشر اس کیلئے سخت وعید ہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمیں ملکر قوم کو ایک کرنا ہے،مئی میں جب ہم دشمن کے خلاف یکجا اور ایک ہوئے،تو معرکہ بنیان المرصوص کے ذریعے اللہ تعالی نے فتح دی،اس دوران پاکستان کی جانب سے بھارت کی کوئی عبادت گاہ اور سویلین کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔انہوں  نے مزید کہا کہ مئی کی فتح کے بعد پاکستان کو دفاعی میدان کے سا تھ ساتھ  معاشی میدان میں  بھی کامیابیاں ملیں۔اس مو قع پردیگر مقررین نے بھی خطا ب کیا۔