اسلام آباد،9 فروری ( اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔چیف کمشنر اسلام آباد چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے اجلاس کی صدارت کی جس میں اسلام آباد شہر میں ڈویژنل سطح پر سیکورٹی کے انتظامات کو یقینی بنا کر پورے شہر کو محفوظ بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس کو بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سات یوم میں دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ ترین شہر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا جبکہ شہر میں آمد و رفت اور نقل و حرکت کو مانیٹر کرنے کیلئے جدید میکنزم تیار کیا جا رہا ہے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس ناصر رضوی نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے اور جرائم کے روک تھام کیلئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور اسکو یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس دن رات مصروف عمل ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپلومیٹک انکلیو، ریڈ زون سمیت شہر بھر کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ اسلام آباد سیف سٹی کو عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہر کی مرکزی شاہراہوں، مراکز اور سیکٹرز کی نگرانی کا مؤثر میکنزم بنایا گیا ہے، دہشتگردی کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بروقت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
علی ناصر رضوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کرائم فری سٹی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال میں لایا جارہا ہے۔اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکورٹی سلسلہ میں کسی بھی قسم کی کوئی سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا، مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد پر کڑی نظر اور ان کی مکمل تفصیلات کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہری علاقوں میں ڈور ٹو ڈور سروے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیہی علاقوں کا ڈور ٹو ڈور سروے جلد مکمل کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت دی کہ اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں کی خصوصی نگرانی کے ساتھ شہر بھر میں پیٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہر قیمت پر شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل اور ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائیگا ۔











