لاہور۔11فروری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو باوقار روزگار فراہم کرنے اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گلشنِ راوی میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے مستحق افراد میں امدادی اشیا کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں یوتھ پروگرام کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم اور مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے کی عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان میں پہلا اے آئی ویک منایا جا رہا ہے جو نوجوانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود ملکی صورتحال میں روز بروز بہتری آ رہی ہے اور حکومت دوست ممالک کے ساتھ شراکت داری فروغ دے کر نوجوانوں کے لیے تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھا رہی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت میں سفارتی کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن اور عالمی برادری پاکستان کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندھیروں کا دور ختم ہو چکا اور ملک ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی گڈ گورننس کے باعث لاہور میں دو دہائیوں بعد ترقی اور خوشحالی کا نیا منظر دیکھنے میں آیا ہے اور صوبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی اور عالمی معاملات میں پاکستان کی شمولیت ناگزیر ہو چکی ہے اور عالمی برادری اہم مواقع پر پاکستان کی طرف دیکھتی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بعض عناصر کارکردگی کے مقابلے میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم قوم نے ایسے رویوں کو مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف امن کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا جا رہے ہیں جو پاکستان کے مثبت عالمی کردار کی عکاسی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض معاملات عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں اور ان کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ بہتر حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پاکستان نے بھارت کے جنگی طیارے مار گرائے جبکہ آئی سی سی کی بنگلہ دیش پر پابندیوں کے معاملے میں پاکستان نے بہترین سفارتی حکمت عملی سے بنگلہ دیش کو مالی نقصان سے بچانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم پاکستان کی اصل پہچان اور اتحاد کی علامت ہے ، قوم کو اسی کے سائے تلے متحد رہنا چاہیے۔
اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم الزاہبی نے مستحقین میں امدادی اشیا تقسیم کیں۔ سفیر نے کہا کہ وہ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کے مشکور ہیں جنہوں نے خدمت کا یہ موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت پہلے بھی سیلاب متاثرین کی مدد کرتی رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ہے اور متحدہ عرب امارات مشکل وقت میں پاکستانی عوام کی مدد کرتا رہے گا۔ تقریب میں مقامی معززین، فلاحی تنظیموں کے نمائندوں اور مستحق افراد نے شرکت کی اور امدادی اشیا کی تقسیم کو سراہا۔











