لودھراں ،24 فروری(اے پی پی): لودھراں میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی اور پوسٹ پولیو مہم کے مشترکہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے اور متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرحان سعید، ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض حسین سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ڈینگی کا مکمل خاتمہ یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی اداروں، دفاتر اور تعلیمی اداروں میں ڈینگی ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سرکاری محکمے سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے کی صورت میں متعلقہ ادارے کے سربراہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال اور وبائی امراض عموماً مسلسل لاپرواہی کے باعث جنم لیتے ہیں، اس لیے خود احتسابی کے ذریعے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ڈینگی سٹاف کو متحرک کریں اور فیلڈ میں عملی اقدامات واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔
اجلاس میں ڈی ایچ او ڈاکٹر ریاض حسین نے انسدادِ ڈینگی اور آئندہ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں تاحال ڈینگی کا کوئی کنفرم کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی باقاعدگی سے سرویلینس جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ انسداد پولیو مہم کے تمام ٹیسٹ کامیاب رہے اور آئندہ پولیو مہم کیلئے سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے۔ مزید برآں مسنگ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے کا عمل بھی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دی جائے تاکہ ضلع کو ڈینگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔











