لودھراں میں وزیراعلیٰ پنجاب کا محنت کشوں کیلئے بڑا تحفہ، 100 مفت ریڑھیوں کی قرعہ اندازی مکمل

11

 

لودھراں،18فروری (اے پی پی): لودھراں میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محنت کشوں میں 100 مفت ریڑھیوں کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے ریڑھی بانوں کیلئے ایک ہی طرز کی جدید ریڑھیوں کی قرعہ اندازی کی تقریب میونسپل کمیٹی میں منعقد ہوئی۔قرعہ اندازی کی نگرانی ڈپٹی کمشنر  محمد اشرف نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل لیاقت علی گیلانی، سی او ایم سی عمر مختار اور ڈی آئی او خالد رسول بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے فراہم کردہ 100 مفت ریڑھیاں محنت کش طبقے کیلئے باعزت روزگار کا ذریعہ بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شفاف ترین انداز میں رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کو نئی ریڑھیاں دی جارہی ہیں اورحکومت پنجاب اس کا کوئی معاوضہ طلب نہیں کر رہی۔ قرعہ اندازی میں کامیاب افراد پرانی ریڑھیاں جمع کراکے نئی ریڑھیاں حاصل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ قرعہ اندازی میں رہ جانے والے افراد کو بھی جلد مرحلہ وار نئی ریڑھیاں فراہم کی جائیں گی۔ ریڑھی بانوں کیلئے 7 ملین روپے کی لاگت سے نئی ماڈل مارکیٹ بھی قائم کی جاچکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریڑھی بان کرایوں میں ملنے والے ریلیف کا فائدہ براہ راست عوام کو منتقل کریں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ لودھراں کے مرکزی روڈ پر اب غیرقانونی ریڑھیاں نظر نہیں آئیں گی اور پیرا فورس مرکزی شاہراہوں پر کھڑی ریڑھیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے ریڑھی بانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔