ملتان،18فروری (اے پی پی): ملتان میں فنون و ادب کی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے “اعترافِ فن” کے عنوان سے ایک منفرد اقدام کا آغاز کر دیا گیا۔ کمشنر عامر کریم خاں کی ہدایت پر ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔اسی سلسلے میں معروف شاعر، ادیب اور محقق پروفیسر انور جمال کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ان کے گھر کے باہر اعزازی تختی نصب کی گئی۔ تقریب میں افسران، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ یہ شخصیات ہمارے خطے کا فخر اور پہچان ہیں،جن کی خدمات تاریخ میں روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنکاروں، ادیبوں، اساتذہ اور شعراء کی خدمات کو سرکاری سطح پر سراہنا معاشرے میں مثبت اقدار کے فروغ کا ذریعہ ہے۔تقریب کے شرکاء نے بتایا کہ پروفیسر انور جمال یکم اپریل 1948 کو ضلع گجرات میں پیدا ہوئے اور جنوبی پنجاب کی ادبی شناخت کو نئی جہت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا ادبی مضامین کا مجموعہ “ادبی تاثرات” علمی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل کر چکا ہے جبکہ ان کی متعدد کتب مختلف جامعات کے نصاب میں بھی شامل ہیں۔شرکاء نے کمشنر کے اس اقدام کو فنون و ادب کی قدردانی کی جانب ایک مثالی اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔











