محمدنوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مین کیمپس کولاڑ شفٹ کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

12

ملتان۔ 10 فروری (اے پی پی):محمدنوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مین کیمپس کولاڑ شفٹ کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایذدکی زیر صدا رت منگل کویہاں محمدنوازشریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے مین کیمپس کو لاڑ شفٹ کرنے کی تیاریوں بارے خصوصی ا جلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پندرہ روز میں ٹھیکہ دار سے کیمپس تعمیرات مکمل کرواکربلڈنگ جامعہ انتظامیہ کے حوالے کرے، تاکہ یو ای ٹی ملتان کے نئے مین کیمپس کو فعال کیا جا سکے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایذدنےکہا کہ ہم ماہ رمضان کے بابرکت مہینہ میں کیمپس میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کاارادہ رکھتے ہیں،ٹھیکیدار کی وجہ سے کیمپس کی تعمیرکا کام کئی سالوں سے تعطل کا شکار ہے، ٹھیکیدارکوآخری وارننگ دی جارہی ہے کہ جلدکام مکمل کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کیلئے نئی شٹل بس سروس چلانے کیلئے ہائر ایجوکیشن کو درخواست کی گئی ہے کہ ہمیں نئی بسیں خریدکردی جائیں ،ہمارے پاس ایک بس موجود ہے جوکہ ناکافی ہے اس سلسلے میں وزیر ٹرانسپورٹ سے مل کرانہیں صورتحال سے آگاہ کیاجائےگا۔

اس موقع پررجسٹراریوای ٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹرعاصم عمراوربلڈنگ ڈیپارنمنٹ کے افسران بھی موجودتھے۔