پاکستان کے غذائی نظام میں بہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

17

اسلام آباد، 10فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے

“Food Systems Transformation National Results Dissemination Workshop”

(فوڈ سسٹمز ٹرانسفارمیشن نیشنل رزلٹس ڈسیمینیشن ورکشاپ) سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے غذائی نظام میں بہتری لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار، غذائی معیار، ترسیل اور صارفین تک رسائی کے تمام مراحل میں مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے بہتری لائی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ غذائی تحفظ، بہتر غذائیت اور پائیدار زرعی ترقی کے فروغ کیلئے حکومتی اداروں، نجی شعبے اور دیگر شراکت داروں کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید طریقۂ کار، تحقیق اور اختراعات کو بروئے کار لا کر زرعی شعبے کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ماحولیاتی ہم آہنگی، پانی و خوراک کے تحفظ اور پائیدار ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور اس ضمن میں جامع پالیسی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ ادارے اور اسٹیک ہولڈرز مشترکہ کاوشوں سے ایک مؤثر لائحۂ عمل ترتیب دیں گے جو ملک میں غذائی نظام کی بہتری اور عوامی فلاح کا باعث بنے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ہر مثبت اور قابلِ عمل تجویز کی مکمل حمایت جاری رکھے گی تاکہ پاکستان میں مضبوط غذائی نظام اور صحت مند معاشرے کے قیام کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔