ملتان میں ایک اور ماڈل روڈ کی تعمیر کا آغاز، برانڈ روڈ اپگریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

14

ملتان، 12  فروری (اے پی پی):ملتان میں شہری ترقی کے تحت برانڈ روڈ اپگریڈیشن منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ برانڈ روڈ پر موجود تمام اوور ہیڈ الیکٹرک وائرز اور کھمبوں کو ختم کرکے بجلی کی تاروں کو مکمل طور پر انڈر گراؤنڈ منتقل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کا بنیادی مقصد اس سڑک کو کنجیشن سے نکال کر محفوظ، کشادہ اور جدید شہری سہولت میں تبدیل کرنا ہے۔ برانڈ روڈ منصوبہ جون 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کمشنر نے بتایا کہ 0.61 کلومیٹر طویل اس سڑک پر مجموعی طور پر 360.589 ملین روپے لاگت آئے گی۔ اپ گریڈیشن پلان کے تحت سڑک کو جدید ڈیزائن، کشادہ لینز اور بہتر ٹریفک پلاننگ کے ساتھ تعمیر کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

منصوبے کے تحت آن اسٹریٹ 376 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی راشد ارشاد نے بتایا کہ روڈ کے دونوں اطراف دکانوں کے سامنے منظم پارکنگ کا نظام قائم کیا جائے گا تاکہ ٹریفک میں رکاوٹ کم ہو اور کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے کہا کہ برانڈ روڈ کی بہتری سے گول باغ، شریف کمپلیکس اور بوسن روڈ کے اطراف ٹریفک روانی میں واضح بہتری آئے گی اور یہ منصوبہ شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

تقریب میں متعلقہ افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور منصوبے کو ملتان کی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔