نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار کے انڈونیشیا کے وزیر روزان روزلانی کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات

11

اسلام آباد۔10فروری  (اے پی پی):نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے انڈونیشیا کے وزیر برائے سرمایہ کاری و ڈائون سٹریم انڈسٹری اور انڈونیشیا کے خودمختار ویلتھ فنڈ (دانانتارا) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر روزان روزلانی کے ساتھ منگل کو یہاں وفود کی سطح پر مذاکرات کئے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مضبوط بنانے، تعاون کے ممکنہ مواقع اور باہمی مفاد پر مبنی منصوبوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز رہی جن میں بہترین طریقہ کار کا تبادلہ اور صحت سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ وزارت خزانہ، سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظرنامے، ترجیحی شعبوں اور سہولت کے طریقہ کار پر پریزنٹیشنز دی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا کے تجربات اور مہارت بالخصوص خودمختار ویلتھ فنڈ کے ڈھانچوں اور ڈائون اسٹریم سرمایہ کاری کے شعبہ سے استفادہ کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

 نائب وزیر اعظم نے باہمی احترام اور تعاون پر مبنی دیرینہ پاکستان-انڈونیشیا دوطرفہ تعلقات کےلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ باہمی سرمایہ کاری پاکستان-انڈونیشیا شراکت داری کے فروغ کےلئے ایک اہم محرک ثابت ہوسکتی ہے۔

 ملاقات میں وزیر صحت، وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق باجوہ، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی، سیکرٹری خزانہ، قائم مقام سیکرٹری خارجہ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔