راولپنڈی۔4فروری (اے پی پی):نویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2026 کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں منعقد ہوئی۔ اس مقابلے کا مقصد دوست ممالک کے فوجی دستوں کے درمیان باہمی عسکری تعاون کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب کےساتھ ہی 60 گھنٹے طویل ’’پٹرولنگ مشق‘‘ کا آغاز ہوا۔اس مقابلے میں 19 دوست ممالک کی مجموعی طور پر 24 بین الاقوامی ٹیمیں اور فوجی مبصرین شریک ہیں۔ حصہ لینے والے ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ بطور مبصر مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ملکی سطح پر پاک فوج اور پاک بحریہ کی 16 ٹیمیں مقابلے میں شامل ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے مبصرین بھی ان مشقوں کا حصہ ہیں۔
پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ ایک مخصوص مشن اور ٹاسک پر مبنی پیشہ وارانہ عسکری مشق ہے جس کی میزبانی ہر سال پاکستان کرتا ہے۔ یہ مشق اعلیٰ درجے کی جسمانی فٹنس، ذہنی استقامت اور عسکری مہارت کی متقاضی ہے جس میں حقیقی جنگی ماحول کے قریب تر مشکل ذیلی تزویراتی مشنز کے دوران فوری فیصلے کرنے کی صلاحیت پر توجہ دی جاتی ہے۔اس مشق کا بنیادی مقصد ٹیم سپرٹ کے ذریعے ثابت قدمی کو فروغ دینا ہے۔
یہ مشق جہاں سپاہیانہ بنیادی صفات کو جلا بخشتی ہے وہیں جدید خیالات اور بہترین پیشہ وارانہ مہارتوں کے تبادلے کے ذریعے شریک افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی کو بھی بہتر بناتی ہے۔











