وزیرِاعظم کی پالیسیوں کا مرکز و محور پاکستان کے غریب عوام ہیں،وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک

18

اسلام آباد، 12فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم کی پالیسیوں کا مرکز و محور پاکستان کے غریب عوام ہیں اور ریاستی حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔

 “وزیراعظم فین ری پلیسمنٹ پروگرام” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمِ گرما میں بجلی کے بل عوام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن جاتے ہیں، اسی تناظر میں حکومت ایسے عملی اقدامات کر رہی ہے جن سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے اور گھریلو اخراجات میں کمی آئے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ فین ری پلیسمنٹ پروگرام کا مقصد پرانے اور زیادہ بجلی خرچ کرنے والے پنکھوں کی جگہ توانائی بچانے والے جدید پنکھے متعارف کرانا ہے تاکہ بجلی کی بچت کے ساتھ ساتھ صارفین کو مالی سہولت بھی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے خاص طور پر کم آمدن طبقہ مستفید ہوگا اور ان کے ماہانہ اخراجات میں واضح آسانی پیدا ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کا مؤثر استعمال ماحولیاتی تحفظ کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ بجلی کی کم کھپت سے کاربن اخراج میں کمی واقع ہوگی جس سے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کو فروغ ملے گا۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی فلاح، توانائی بچت اور ماحولیاتی بہتری سے متعلق منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھاتی رہے گی تاکہ ملک پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔