کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا ملتان وہاڑی روڈ کا دورہ ،جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

16

ملتان 12 فروری )اے پی پی):کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ملتان وہاڑی روڈ کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبے کی رفتار اور معیارِ تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل تک تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام مراحل میں کوالٹی کنٹرول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پائیدار اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

کمشنر نے وہاڑی چوک سے بابر چوک تک تقریباً 4.5 کلومیٹر طویل سنٹرل میڈین کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے جامع ہارٹیکلچر پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو فوری طور پر پلان مرتب کرکے اس پر عملدرآمد شروع کرنے کا حکم دیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے وہاڑی چوک تا بابر چوک اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی بھی ہدایت کی تاکہ رات کے اوقات میں ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو بہتر بنایا جا سکے۔

انہوں نے ملتان وہاڑی روڈ کے آباد علاقوں میں سڑک کے دونوں اطراف بڑے سائز کے درخت لگانے اور گرین بیلٹ کو فعال بنانے کا حکم بھی دیا۔ کمشنر نے منصوبے کی باقاعدہ مانیٹرنگ اور مرحلہ وار پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں کام کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ایس ای ہائی ویز غلام نبی اور ایکسین حیدر علی بھی موجود تھے جنہوں نے کمشنر کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔