اسلام آباد،16 فروری(اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی نے سری لنکا کے سیکرٹری دفاع ائر وائس مارشل (ر) سمپاتھا تھویا کونتھا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک سری لنکا سکیورٹی تعاون اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سری لنکن سیکرٹری دفاع نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سری لنکا حکومت کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اس سپورٹ پر ہم پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
سری لنکن سیکرٹری دفاع نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے سکیورٹی تعلقات ہر دور میں مستحکم رہے ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں ۔











