وفاقی محتسب کا مقصد عوام کی خدمت اورانہیں جلد انصاف کی فراہمی ہے ، ریجنل ہیڈوفاقی محتسب کوئٹہ غلام سرور بروہی

10

کوئٹہ۔ 18 فروری (اے پی پی):ریجنل ہیڈوفاقی محتسب کوئٹہ غلام سرور بروہی نے کہا ہے کہ ادارے کا مقصد عوام کی خدمت اورانہیں جلد انصاف کی فراہمی ہے ۔حالیہ کچھ سالوں میں وفاقی محتسب میں ہزاروں کیسز کا رجسٹرڈ ہوئے  وہ سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر حل ہوئے ، گزشتہ ایک دہائی کے دوران عوامی شکایات کے لئے ازالے اور ریلیف کی فراہمی میں مثالی پیش رفت کی ہے۔

 وفاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر بلوچستان کے ریجنل ہیڈ غلام سرور بروہی نے بہترین خدمات انجام دینے والے صحافیوں میں اعزازی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

 اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ایک “بڑے سمندر” کی مانند ہے جو 188 وفاقی محکموں، 244 ذیلی اداروں سمیت مجموعی طور پر 500 سے زائد اداروں کے خلاف عوامی شکایات پر کارروائی کرتا ہے۔

 انہوں نے انکشاف کیا کہ دس سال قبل پورے سال میں صرف 200 کیسز رپورٹ ہوتے تھے جبکہ آج ادارے پر عوام کے اعتماد کا یہ عالم ہے کہ سالانہ کیسز کی تعداد 20 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ وفاقی محتسب کے فیصلوں پر عملدرآمد کی شرح 100 فیصد ہے غلام سرور بروہی نے کہا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے لیے خضدار، خاران، سبی اور لورالائی میں نئے دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باوجود عملہ محنت سے کام کر رہا ہے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کسی بھی ملوث ملازم کو فوری نوکری سے برخاست کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی محتسب کے کام کو عام آدمی تک پہنچانے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مفت اور فوری انصاف کے نظام سے مستفید ہو سکیں۔