وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ایبٹ لیبارٹریز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیئرمین فارما بیورو کی ملاقات

10

اسلام آباد، 16 فروری(اے پی پی ): ایبٹ لیبارٹریز پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیئرمین فارما بیورو نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات، ادویات کی دستیابی اور ریگولیٹری امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان میں کیے جانے والے عملی اقدامات کو سراہا اور کہا کہ جاری اصلاحات سے ادویات کے شعبے میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈریپ میں جاری اصلاحات سے فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو استحکام ملے گا اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں تاکہ ملکی فارماسیوٹیکل مصنوعات کو عالمی منڈی میں نمایاں مقام دلایا جا سکے۔

وزیر صحت نے مزید کہا کہ میڈیکل ڈیوائسز کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا چکا ہے جس کے باعث وہ کام جو پہلے سالوں میں مکمل ہوتا تھا اب بیس دن میں ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فارماسیوٹیکل انڈسٹری میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔